دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے منتخب نہ ہونے پر مایوس نہیں،فواد


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی آل راؤنڈر فواد عالم کا کہنا ہے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے منتخب نہ ہونے پر انہیں کوئی مایوسی نہیں ہے اور اب بھی اچھی کارکردگی پیش کر رہا ہوں۔ایک حالیہ انٹرویو کے دوران فواد عالم نے اس تاثر کو یکسر مسترد کردیا کہ لاہور میں کیمپ کے دوران ان کے کوچنگ سٹاف یا کسی کے ساتھ بھی تعلقات میں کوئی مسئلہ درپیش تھا کیونکہ وہ کیمپ بھی روایتی انداز کا کیمپ تھا جس میں ان کے ساتھ سب کا رویہ اچھا رہا۔فواد عالم نے واضح کیا کہ وہ اس خیال کے حامل نہیں کہ حالیہ دورے کیلئے ان سے کم تر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا کیونکہ زیادہ تر ایسے کرکٹرز برطانوی ٹور کیلئے منتخب ہوئے جو حالیہ عرصے کے دوران ٹی ٹوئنٹی یا پچاس اوورز کی کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھا چکے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد کے ساتھ بھی ان کے تعلقات ہمیشہ کی طرح بہتر ہیں جنہوں نے ان کو ہمت نہ ہارنے کی تلقین کی تھی۔انگلینڈ کیخلاف کامیابی کے امکانات پر ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کیخلاف فتح کے بعد قومی کرکٹرزکا مورال بلند ہوا ہے اور کچھ کھلاڑی خواہ ناتجربہ کار ہی کیوں نہ ہوں لیکن سب کو اچھی کارکردگی کیلئے سپورٹ کی ضرورت ہے کیونکہ ان میں سے ہی کچھ پلیئرز مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل بن سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اسکواڈ میں کچھ کرکٹرز آٹھ یا نو سال سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں جن پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نوجوانوں کیلئے مشعل راہ بن جائیں کیونکہ ان کو دیکھ کر ہی نئے پلیئرز میں حوصلہ اور کچھ کر دکھانے کی لگن پیدا ہو گی۔

تعارف: newseditor