کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) چوتھے عبدالرزاق آرائیں رمضان المبارک روک بال ٹورنامنٹ کے پہلے روز پانچ میچوں کا فیصلہ ہو گیا ،پنجاب نے دو جبکہ سندھ پولیس ،اجلادون اورگارڈن فائٹر نے ایک ایک میچ میں کامیابی سمیٹی ۔منی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد پر جاری ایونٹ کا افتتاح ایس ایس پی گلبرگ ٹریفک نے کیا ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب کرکٹ کے ساتھ ساتھ روک بال کے اس ایونٹ کو بھی مستقل حیثیت حاصل ہو گئی ہے اور لوگ اس ایونٹ کا انتظار کرتے ہیں مجھے امید ہے اس سال بھی یہ ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا،اس موقع پر پاکستان روک بال فیڈریشن کے چیئر مین سعید آرائیں نے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ ساتھ تقریب میں موجود مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ،
اس موقع پرسیکریٹری فیڈریشن ام کلثوم لیلیٰ،سینئر وائس پریزیڈنٹ مقبول آرائیں ،پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری مدثر آرائیں ، ڈی ایس پی اعجاز الدین،عدنان ترین،ایون فریڈرک ،ارشد خان ،جعفرعلی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ افتتاحی میچ میں سندھ پولیس نے کلفٹن بادشاہ کلب کو 2-0 سے مات دی ،فاتح ٹیم کے محمد اجمل نے پانچ اور خرم نے ایک گول کیا ۔دوسرے میچ میں پنجاب نے ینگ اسٹار ز کو 2-0سے زیر کیا ۔فاتح ٹیم کے اصمام اللہ نے تین ،پہلوان اور فقراللہ نے دو دو گول بنائے ۔تیسرے میچ میں اجلادون نے گارڈن کلب کو 2-0سے زیر کیا ،اس کی جانب سے قدوس نے تین گول اسکور کیے۔چوتھے میچ میں گارڈن فائٹر نے گلگت ٹائیگر کو2-1سے شکست دی ۔گارڈن فائٹر کے رفیع نے ایک گول کیا ۔پانچویں اور آخری میچ میں پنجاب نے کراچی کلب کو ہرا کر دوسری فتح سمیٹی ۔اس کی جانب سے پہلوان اور امان اللہ نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔ایونٹ میں آج مزید سات میچز کھیلے جائیں گے ۔