کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فٹنس کا جائزہ لینے کے لیے کھلاڑیوں کے جسم پر جی پی ایس پلیئر ٹریکنگ اینڈ پرفارمنس سسٹم لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ہاکی فیڈریشن نے 50 لاکھ روپے تک کا جی پی ایس خریدا ہے تاکہ دوران میچ یا ٹریننگ کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے اور کھلاڑی تھکاوٹ کا بہانا نہ بنائیں۔ہر کھلاڑی شرٹ کے اندر ایسی بیلٹ زیب تن کرے گا جس میں جی پی ایس ڈیوس لگی ہوگی۔ اس سے دوران میچ کھلاڑیوں کی فٹنس، دل کی دھڑکن، انرجی لیول جیسی معلومات جانچی جا سکتے گی۔پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ جی پی ایس سے کھلاڑیوں کی بہانے بازی پکڑی جائے گی تاہم اس کا مقصد ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر بنانا ہے۔
ڈچ کوچ رولینٹ آلٹمنز اور فزیکل ٹرینر ڈئینل بیری کی درخواست پر یہ سسٹم منگوایا گیا ہے۔ یہ نظام دنیا کی 19 ٹیمیں استعمال کرتی ہیں، پاکستان 20 ویں ٹیم ہوگی جو فٹنس کے لیے اس سسٹم کا استعمال کرے گی۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ان دنوں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ ایک ہفتے تک بھرپور ٹریننگ کے بعد اب کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر کام کیا جارہا ہے۔