ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) بالی وڈ اداکار سلمان خان کے بھائی ارباز خان نے انڈین پریمیئر لیگ میں سٹے بازی کا اعتراف کرلیا۔ممبئی پولیس نے گزشتہ دنوں سٹے باز سونو جالان کو گرفتار کیا تھا جس نے انڈین پریمیئر لیگ میں بالی وڈ سمیت کئی نامور شخصیات کی جانب سے جوا کھیلنے کا اعتراف کیا تھا۔ممبئی پولیس نے سونو جالان کے اعتراف کے بعد ارباز خان کو انڈین پریمیئر لیگ میں سٹے بازی میں ملوث ہونے پر سمن جاری کیا تھا اور بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی تھی۔ارباز خان پر آئی پی ایل میں 2 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے ہارنے کا الزام ہے جس کا اعتراف آج انہوں نے تفتیش کے دوران کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کے انسداد بھتہ سیل نے ارباز خان اور سونو جالان کو آمنے سامنے بٹھا کر بیان ریکارڈ کرایا جس پر اداکار نے سٹے بازی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلاق اور خراب مالی حالات کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار تھے جس کے باعث وہ شوقیہ طور پر سٹے بازی کرتے رہے۔اداکار نے کہا کہ ان کی شادی ٹوٹنے کی ایک وجہ سٹے بازی ہی ہے جس کی وجہ سے ان کی اہلیہ سے متعدد بار لڑائی ہوئی جب کہ بڑے بھائی سلمان خان بھی اس عادت سے اس قدر ناراض تھے کہ ایک بار انہیں مارنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ارباز خان نے بتایاکہ سٹے بازی کی وجہ سے انہیں گھر میں بھی روک ٹوک کی جاتی تھی، ان کی سابقہ اہلیہ اور والد بھی مسلسل اس عمل سے روکتے تھے۔ بالی وڈ اداکار نے بیان میں کہا کہ وہ 6 سالوں سے آئی پی ایل میں سٹے بازی کررہے ہیں اور گزشتہ سال 2 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے ہارنے کے بعد بھی سونو کے ذریعے پیسے جیتتے رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ سال ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ کے درمیان طلاق ہوگئی تھی اور دونوں کی شادی 18 سال تک قائم رہی تھی۔