فٹبال کا عالمی کپ،، پاکستانی شائقین کیلئے بڑا اعلان

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)روسی حکومت نے فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں شائقین کی پریشانی کو دور کرتے ہوئے نئی عارضی پالیسی کا اعلان کیا اور انہیں عالمی میلے کے دوران بغیر ویزا میزبان ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی، جس کا اطلاق پاکستانی شائقین پر بھی ہوگا۔پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق روسی حکومت نے زیادہ سے زیادہ شائقین کو ورلڈ کپ 2018 میں مدعو کرنے کے لیے عارضی ویزا پالیسی کا اعلان کیا ہے۔روسی عارضی ویزا پالیسی کے مطابق غیر ملکی شائقین کے لیے ان کا ٹکٹ ہی ویزا ہوگا جس پر وہ روس میں داخلے کے حقدار ہوں گے۔خیال رہے کہ روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے تمام آن لائن ٹکٹس بھی فروخت ہوچکے ہیں جبکہ روسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی ورلڈ کپ ہوگا۔علاوہ ازیں روسی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن شائقین کے پاس میچ کا ٹکٹ ہوگا انہیں مطلوبہ شہر تک پہنچانے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔روسی سفارتکار نے پاکستانی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کی ویزا پالیسی پاکستان میں فٹبال شائقین کے لیے بھی ہوگی، تاہم پاکستانی شائقین کو اس کے لیے فیفا سے اپنا ٹکٹ اور فین آئی ڈی حاصل کرنا ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ آن لائن ٹکٹ فیفا کی ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، لیکن فین آئی ڈی حکومت کی مقرر کردہ ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔خیال رہے کہ فیفا کے 21ویں ورلڈ کپ کا آغاز رواں ماہ 14 جون سے کیا جارہا ہے جہاں جرمنی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

تعارف: newseditor