لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بحریہ ٹائون سپورٹس ونگ کے زیر اہتمام بحریہ ٹائون لاہور میں جاری چوتھا بحریہ ٹائون فلڈ لٹ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018، 583 الیون کی شاندارکامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے ٹیموں نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے آخری روز ایک سیمی فائنل اور فائنل سمیت دو میچز کھیلے گئے۔ ٹورنامنٹ کے آخری روز کھیلے گئے پہلے میچ میں (دوسرا سیمی فائنل) 583 الیون نے پینتھر الیون کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز میں 583الیون نے 60رن سکورکئے۔ جواب میں پینتھر الیون نے صرف 22رن سکور کیا۔ بھمبھر الیون فائنل کے لئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکی تھی۔ سیمی فائنل کے مہمان خصوصی جناب اول میر خان SGM ایچ آر ڈیپارٹمنٹ بحریہ ٹائون لاہور تھے۔
سید فخر علی شاہ ڈائریکٹر سپورٹس بحریہ ٹائون لاہور نے مہمان خصوصی کا استقبال کیااور کھلاڑیوں سے متعارف کروایا۔ فائنل میچ میں 583 الیون کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز میں 49رنز سکور کئے۔ جواب میں بھمبھر الیون کی ٹیم 583کی عمدہ بائولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے اور صرف 24رن سکورکرسکے۔ اس طرح 583الیون نے نہ صرف میچ بلکہ ٹورنامنٹ بھی جیت لیا۔ بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بحریہ ٹائون لاہور فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر اطہر ایسوسی ایٹس بحریہ ٹائون کے ڈائریکٹر میاں عثمان اور ھاشمی ٹریڈرز کے ایگزیکٹوڈائریکٹر اعجاز ہاشمی بھی موجود تھے۔ فائنل میچ کے موقع پر شائقین میں قرعہ اندازی کے ذریعے بحریہ سینما Cinegold کی ٹکٹیں بھی تقسیم کی گئیں ۔ پینتھر الیون کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے مہمان خصوصی سے بحریہ سینما Cinegold کی ٹکٹیں حاصل کیں۔ بھمبھر الیون کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ھاشمی ٹریڈرز کی سپانسر کردہ موٹر بائیک حاصل کی۔
ھاشمی ٹریڈرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اعجاز ہاشمی نے موٹر بائیک کی چابی رنر اپ ٹیم کے کپتان کے حوالے کی۔ فائنل میچ جیتنے والی ٹیم 583الیون کے کپتان نے مہمان خصوصی بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ سے ایک لاکھ روپے کیش انعام اور وننگ ٹرافی وصول کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر بحریہ ٹائون سپورٹس ونگ کی مینجمنٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بحریہ ٹائون عنقریب بحریہ ٹائون کے رہائشیوں اور پراپرٹی ڈیلرز کی ٹیموں پر مبنی کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحریہ سپورٹس ونگ کامیابی کے ساتھ پچھلے چار سال سے کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کررہا ہے اور اس میں ٹیموں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کوریج کے لئے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔