ایڈن برگ(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔اسکاٹ لینڈ گزشتہ روز ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا چکا ہے اور اسکاٹش ٹیم آج ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی نمبر ون ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔ایڈن برگ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔اسکاٹ لینڈ کے خلاف ممکنہ قومی ٹیم میں فخر زمان، حسین طلعت، آصف علی، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، عثمان خان، محمد عامر یا شاہین آفریدی میں سے کوئی ایک ٹیم کا حصہ ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کو کمزور حریف تصور نہیں کریں گے، گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف اسکاٹش ٹیم نے کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی آسان فارمیٹ نہیں، ہم دیکھ چکے ہیں کہ افغانستان نے بنگلادیش کو 0-3 سے شکست دی، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نمبر ون پوزیشن پر ہیں یا نمبر 8 پر، آپ کو محدود اوور کے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوتی ہے۔یاد رہے کہ اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف واحد ایک روزہ میچ میں کیلم مکلائڈ کی 140 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کی بدولت 371 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 365 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔