انتظار ختم،،عالمی کپ فٹبال کا آغاز کل سے

ماسکو (سپورٹس لنک رپورٹ)انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں ، ورلڈ کپ فٹ بال کا جنون عروج پر پہنچ گیا، میگا ایونٹ کا آغاز کل شاندار تقریب کے ساتھ ہوگا، اس شاندار تقریب کو یادگار بنانے کیلئے سینکڑوں فن کار دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں، ٹیموں کی روس آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ،گزشتہ روز بھی کئی ٹیمیں ورلڈکپ جیتنے کا خواب لئے ماسکو پہنچیں ، دنیا بھر کی نظریں اپنے فیورٹ سٹارز اور ٹیموں پر لگی ہوئی ہیں، درجہ بندی میں عالمی نمبر دو اور پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو اس بار بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے ، ورلڈکپ کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ میدانوں کے آس پاس شراب کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی ہے، پولیس کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کو نشے کی حالت میں پائے جانے پر پکڑ کر خصوصی سیل میں رکھنے کی مجاز ہوگی۔ ورلڈ کپ کے دوران41مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی۔ میزبان شہروں کے گرد 100 کلو میٹر کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا، آرمی سٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کرے گی ۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ ٹیمیں شرکت کریں گی ،جنہیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ گروپ اے میں میزبان روس، سعودی عرب، مصر اور یوروگوئے ،گروپ بی میں پرتگال، سپین، مراکش اور ایران ،گروپ سی میں فرانس، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک ، گروپ ڈی میں ارجنٹائن، آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجیریا، گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا ، گروپ ایف میں دفاعی چیمپئن جرمنی، میکسیکو، سویڈن اور جنوبی کوریا ، گروپ جی میں بیلجیئم، پاناما، تیونس اور انگلینڈ جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینی گال، کولمبیا اور جاپان شامل ہیں۔

error: Content is protected !!