کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم دورہ زمبابوے کیلئے 28 جون کو لاہور سے روانہ ہو گی جس کیلئے پی سی بی ذرائع کے مطابق مختصر ٹریننگ کیمپ 23 جون سے لاہور میں لگایا جائے گا جس میں سپنر یاسر شاہ سمیت دیگر کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی ہوں گے ۔ پی سی بی آفیشل کے مطابق فٹنس ٹیسٹ 23 جون کو ہوں گے اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ٹیم کے فزیوتھراپسٹ یاسرشاہ کے علاوہ عماد وسیم، رومان رئیس اور بابر اعظم کے فٹنس ٹیسٹ لیں گے ۔ واضح رہے کہ ان تمام کھلاڑیوں کو مختلف قسم کی انجریز تھیں جس کی وجہ سے ان کے فٹنس ٹیسٹ لئے جائیں گے ۔ پی سی بی آفیشلز کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مکی آرتھر رواں ہفتے کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹس کی حتمی فہرست مرتب کرنے کیلئے بھی آپس میں گفت و شنید کریں گے جس کے بعد نئے معاہدے یکم جولائی سے دئیے جانے کا امکان ہے جس کیلئے زیر معاہدہ کھلاڑیوں کی تعداد پینتیس سے کم کر کے پچیس کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور جن کو کنٹریکٹس ملیں گے ان کے معاوضے میں مناسب اضافہ کیا جائیگا ۔اس حوالے سے پی سی بی کام کررہاہے ۔