سینٹ لوسیا(سپورٹس لنک رپورٹ)سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں کریگ براتھویٹ اور بارش نے ویسٹ انڈیز کو سری لنکا کیخلاف شکست سے بچا لیا،296رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم پانچ وکٹوں پر 147رنز بنا سکی،شینن گبرائیل مین آف دی میچ قرار پائے جن کی 13وکٹیں کسی کام نہ آ سکیں۔ڈیرن سیمی کرکٹ اسٹیڈیم پر دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز چائے کے وقفے تک ویسٹ انڈین ٹیم نے چار وکٹوں پر 108رنز بنائے تھے لیکن آخری سیشن کا کھیل شروع ہوا تو سرنگا لکمل نے چار چوکوں اور ایک چھکے سمیت 39رنز بنانے والے شائی ہوپ کو بولڈ کردیا جو کریگ براتھویٹ کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 53رنز کا اضافہ کر چکے تھے ۔جیسن ہولڈر کے ہمراہ اننگز کو آگے بڑھانے والے کریگ براتھویٹ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی تھی تو پانچ وکٹوں پر 137کے اسکور پر بارش شروع ہو گئی۔ حالات کی بہتری کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو خراب روشنی کے باعث ایک مرتبہ پھر کھیل روکنا پڑا اور پانچ وکٹوں پر 147رنز کے ساتھ اس میچ کا خاتمہ ہو گیاجس میں 32.3 اوورز کا کھیل خراب موسم کی نذر ہو چکا تھا۔کریگ براتھویٹ نے چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59 جبکہ جیسن ہولڈر نے 15رنز بنائے ۔سری لنکا کی جانب سے کاسون راجیتھا اور سرنگا لکمل نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکن ٹیم کی جانب سے بال ٹیمپرنگ ایشو کیخلاف بطور احتجاج میدان چھوڑنے کے سبب بھی دو گھنٹے سے زائد کا کھیل متاثر ہوا اور 25اوورز کا کھیل ممکن نہیں ہو سکا جس نے کھیل کو نتیجہ خیز بنانے نہیں دیا ورنہ ممکن ہے کہ مہمان ٹیم اس میچ میں کامیابی یقینی بنا لیتی جو تین میچوں کی سیریز میں ایک،صفر سے خسارے میں ہے۔