کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)سی ای او اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال اور باکسر عامر خان پاکستان میں سپر باکسنگ لیگ کا انعقاد کرارہے ہیں، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میرا ملک ہے اس کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں، پاکستان میں باکسنگ لیگ کرانے کے لیے پرجوش ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاکستان سپر باکسنگ لیگ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، باکسر عامر خان پاکستان سپر باکسنگ لیگ کے چیئرمین اور سی ای او اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال شریک چیئرمین ہیں۔باکسر عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ لیگ کے انعقاد پر پرجوش ہوں، پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے، محمد وسیم اور حسین شاہ پروفیشنل باکسنگ کے لیے آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ لارہے ہیں، ورلڈ باکسنگ کونسل سب سے بڑا باکسنگ کا ادارہ ہے، ہر کوئی کرکٹ کو فروغ دیتا ہے باکسنگ کو آگے بڑھانے والے کم ہیں۔اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے بہترین کھلاڑی پی ایس ایل سے ملے، پاکستان میں بہترین باکسر ہیں مگر سہولتیں نہیں، اکیڈمیز کے قیام سے ٹیلنٹ کو فروغ ملے گا۔
پاکستان سپر باکسنگ لیگ میں پختونز واریئرز کے مالک شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر باکسنگ کے فروغ کے لیے کام کرنا ہے، سپر باکسنگ لیگ بہترین باکسرز پاکستان کو فراہم کرے گی۔پاکستان سپر باکسنگ لیگ 28 ستمبر سے 3 نومبر تک کھیلی جائے گی، سپر باکسنگ لیگ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، ہر ٹیم میں 10 مرد اور 2 خواتین باکسر شامل ہیں، ہر ٹیم میں تین غیر ملکی باکسر بھی شامل ہوں گے۔پاکستان سپر باکسنگ لیگ میں ایک ٹیم کراچی کوبراز کے مالک سلمان اقبال اور فہد مصطفی ہیں، اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی پختون واریئرز کے مالک ہیں، سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم ملتان نوابز کے مالک ہیں۔