لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)دورئہ زمبابوے کیلئے احمد شہزاد کی دونوں اسکواڈز سے چھٹی ہوگئی جبکہ محمد حفیظ کے ڈوبتے کیریئر کو لائف لائن مل گئی۔پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز یکم سے 8جولائی تک شیڈول ہے، بعدازاں گرین شرٹس کو میزبان ٹیم کیخلاف 5ون ڈے میچز بھی کھیلنا ہیں، ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر آئوٹ آف فارم احمد شہزاد دونوں اسکواڈز سے باہر کردیے گئے،محمد حفیظ کی واپسی ہوگئی۔احمد شہزاد کا خلا صاحبزادہ فرحان پر کریں گے، جارح مزاج اوپنر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، محمد عامر دونوں ٹیموں میں شامل ہیں،راحت علی ٹیم سے باہر ہوگئے،پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر کم بیک کرنے والے پیسر کو مختصر فارمیٹ کے کسی میچ میں شرکت کا موقع نہیں دیا گیا تھا، پیسر اسکاٹ لینڈ کیخلاف سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ تھے۔پاکستان کے15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، حارث سہیل، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے، امام الحق اچھی فارم میں نہ ہونے کے باوجود شامل ہیں، عماد وسیم اور رومان رئیس کو انجریز سے مکمل صحتیاب نہ ہونے کی وجہ سے زیر غور نہیں لایا گیا۔