مصر کے فٹبالر محمد صلاح کیلئے چچنیا کی شہریت

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)چیچنیا کے سربراہ رمضان کیدروو نے مصر کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار محمد صلاح کو روس کے جنوب میں واقع چیچنیا کی اعزازی شہریت دینے کا اعلان کردیا۔چیچنیا اس وقت ورلڈ کپ میں شریک مصر کی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کی میزبانی کر رہا ہے اور کیدروو نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد صلاح سے ملاقات کی جنہوں نے رواں سال انگلش فٹبال کلب لیورپول اور اپنے ملک مصر کے لیے عمدہ کھیل پیش کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ محمد صلاح اب جمہوریہ چیچنیا کے اعزازی شہری ہیں۔انہوں نے ٹیلی گرام میں تحریر کیا کہ میں نے ایک حکمنامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت مصر اور لیورپول کے لیے کھیلنے والے عظیم فٹبالر اب چیچنیا کے شہری ہیں۔جمعے کی رات منعقدہ تقریب میں محمد صلح بھی موجود تھے جس میں انہیں خصوصی بیج اور حکمنامہ دیا گیا۔روس کے حمایت یافتہ کیدروو نے 2007 میں چیچنیا کا اقتدار سنبھالا تھا جہاں انہیں مسلمان علاقے میں سخت گیر رہنما طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی ذمے داریاں سونپی گئی تھیں تاکہ دوبارہ کوئی علیحدگی پسند تحریک سر نہ اٹھا سکے۔انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس تاثر کی نفی کی تھی کہ وہ چیچنیا میں مصری ٹیم کی موجودگی کو پراپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔کیدروو نے کہا تھا کہ میں سیاست میں اس قسم کے ہتھکنڈوں کا قائل نہیں ہوں، میں نے مصری ٹیم یا صلاح کو آنے کی دعوت نہیں دی تھی بلکہ انہوں نے خود مجھ سے ملاقات کا فیصلہ کیا تھا۔

تعارف: newseditor