ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)فیفا ورلڈ کپ 2018 کے ناک آئوٹ مرحلے میں آج اسپین کا میزبان روس سے ٹکرائو ہوا، جس میں روس نے اسپین کو پینالٹی اسٹروکس پر 3 گول کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا ہے۔روس میں جاری ورلڈ کپ فٹ بال میں بیسٹ آف 16 یعنی پری کواٹر فائنل مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوچکا جہاں آج میزبان روس سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین کو پینالٹی اسٹروکس پر ہرا کر کواٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی اور اسپین کا سفر عالمی کپ میں ختم کردیا ۔میچ میں پہلا گول اسپین کی جانب سے 12ویں منٹ میں ہوا جب اسپینش کھلاڑیوں کی فری کک پر روسی کھلاڑی سرجی اگناشیوچ نے غلطی سے اپنے ہی گول میں بال ڈال دی جس سے اسپین کو 0-1کی برتری حاصل ہوگئی ۔روس نے اپنی غلطی کو درست کرتے ہوئے زبردست فائٹ بیک کیا اور میچ کے 41ویں منٹ میںروسی آرٹم ڈزیوبا نے گول اسکور کرکے اسپینش برتری کو 1-1 سے برابر کردیا اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے جس کے بعد کوئی ٹیم گول اسکور کرکے برتری حاصل نہ کرسکی اور میچ آخر وقت تک برابر رہا۔میچ میں 90 ویں منٹ کے اختتام پردونوں ٹیموں کو 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا جس میں بھی کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی تاہم میچ کا فیصلہ پینالٹی اسٹروکس پر ہوا ۔پینالٹی اسٹروکس پر دونوں ٹیموں نے عمدہ شروعات کی لیکن روسی گول کیپر نے زبردست کھیل پیش کرکے میدان مار لیا اور اسپین کی 2 پینالٹی اسٹروکس کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے ٹیم کو فاتح بنایا اور اسپین کا عالمی کپ میں سفر ختم کرتے ہوئے کواٹر فائنل میں جگہ بنائی تاہم پینالٹی اسٹرکس کا اسکور 3-4 رہا ۔میچ میں دونوں ٹیموں کو ریفری کی جانب سے 3 پیلے کارڈ دیے گئے جس میں پہلا کارڈ اسپین کے جراڈ پی کی کو 40ویں منٹ میں دیا گیا جبکہ 54ویں منٹ میں روسی ایلا کوٹیپوو کو پھر 71ویں منٹ میں پھر روس کے رومن زوبنن کو بھی پیلا کارڈ دکھا کر وارننگ دی گئی تھی۔