سوچی(سپورٹس لنک رپورٹ)فیفا ورلڈ کپ میں بطور کپتان پرتگالی کھلاڑیوں کو قابل فخر قرار دینے والے کرسچیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ انہوں نے یوروگوئے کے مقابلے میں زیادہ بہتر کھیل پیش کیا لیکن مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے ،یہی فٹ بال کا کھیل ہے کہ جو زیادہ سکور کرے وہی جیت جاتا ہے اور حریف ٹیم اسی کا جشن منا رہی ہے ۔رواں مقابلوں میں تیز ترین گول،ہیٹ ٹرک،سب سے معمر پرتگالی گول سکورر اور ایک وقت ایونٹ کے ٹاپ سکورر کے اعزاز کے باوجود کرسچیانو رونالڈو کو پری کوارٹر فائنل سے گھر واپس لوٹنا پڑا لیکن انہیں اپنی ٹیم کی کوششوں پر فخر ہے جو ایونٹ میں عمدگی سے کھیلی اور ساتھی کھلاڑیوں کے علاوہ کوچنگ سٹاف سمیت ہر ایک نے اپنا کردار بخوبی نبھایا۔وطن واپسی کے وقت ان کے چہرے پر کوئی مایوسی نہیں تھی بلکہ انہوں نے خوشی کے ساتھ اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ مجموعی طور پر میگا ایونٹ ان کیلئے اچھا رہا اور ان کی ٹیم سر اٹھا کر واپس جا رہی ہے جو مستقبل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔ رونالڈو کا کہنا تھا کہ یہ کھلاڑیوں کوچز اور دیگر افراد کے مستقبل کا تعین کرنے کیلئے درست نہیں کیونکہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ پرتگال کو دنیا کی چند بہترین ٹیموں میں شامل کیا جاتا رہے گا۔