سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز،،آسڑیلیا کی مسلسل دوسری جیت

ہرارے(سپورٹس لنک رپورٹ) سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے زمبابوے کو 100 رنز سے شکست دے دی۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا نے کینگروز کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا۔آسٹریلیا نے 20 اوورز میں زمبابوے کو 230 رنز کا بڑا ہدف دیا جس کے جواب میں پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 129 رنز ہی بناسکی۔زمبابوے کی طرف سے سب سے زیادہ سولومون مائر نے 28 رنز بنائے اور ٹیم کے کل 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی طرف سے میکس ویل نے 3، ایشٹن اگر نے 2 جب کہ رچرڈسن اور اسٹینکل نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آسٹریلوی کپتان آئرن فنچ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ اور آرکی شارٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو شروع سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔آسٹریلیا نے پاور پلے میں 75 رنز جوڑے جس میں کپتان فنچ کی برق رفتار 22 گیندوں پر نصف سنچری بھی شامل تھی۔فنچ اور شارٹ نے زمبابوین ٹیم کے بولروں پر لاٹھی چارج جاری رکھا اور آخری اوور میں دونوں بلے باز آؤٹ ہوگئے، دونوں بلے بازوں نے ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی سب سے بڑی 200 رنز کی ریکارڈ اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔آرکی شارٹ 46 رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان ایرون فنچ باہر جاتی ہوئی گیند کو شارٹ مارتے ہوئے وکٹ سے ٹکرا گئے اور بیل گرنے پر انہیں میدان بدر ہونا پڑا، زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔فنچ نے 10 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 76 گیندوں پر 172 رنز بنائے جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کو سب سے زیادہ 175 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

تعارف: newseditor