کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)لیژرلیگز نیشنل چمپیئن شپ کے فائنل میں لاہور کی آئی سی اے ڈبلیوایف سی (آئی کین اینڈ ول)نے پشاور کی شنواری ایف سی کو شکست دے کر ٹائٹل کے ساتھ ساتھ پُرتگال میں ہونے والےآئی ایس ایف ورلڈ کپ کا ٹکٹ بھی حاصل کرلیا۔لاہور کی ٹیم نے چمپیئن شپ کے فائنل میں پشاور کو سڈن ڈیتھ پنالٹی کک پر 3-2 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔فاتح ٹیم پرتگال کے شہر لزبن میں رواں سال 5اکتوبر سے شروع ہونے والے 6 اے سائیڈ آئی ایس ایف ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔لیژر لیگز نیشنل چمپیئن شپ کے اختتام پر مختلف ٹیموں حیدرآباد کو فیئر پلے ٹرافی، کوئٹہ کے محمد بلال کو بہترین گول کیپر، لاہور کی آئی سی اے ڈبلیو کے عامرگوندل کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی جبکہ کوئٹہ کے اسٹرائیکر کاشف بلوچ کو ٹاپ اسکورر کی ٹرافی دی گئی۔خیال رہے کہ لیژرلیگز نیشنل چمپئن شپ میں پاکستان کے 8 شہروں کراچی، حیدرآباد، قلعہ سیف اﷲ، کوئٹہ، مردان، پشاور، اسلام آباد اور لاہور کی ٹیموں نے شرکت کی، جنہیں 2 گروپ میں تقسیم کیا گیا تھا۔گروپ ’اے‘ سے کوئٹہ اور کراچی جبکہ گروپ ’بی‘ سے پشاور اور لاہور کی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جہاں پشاور نے کراچی اور لاہور نے کوئٹہ کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔اختتامی تقریب میں سابق نگراں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد سومرو، سندھ کے نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ، سابق ڈی جی رینجرز کراچی لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیا نے ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جبکہ تقریب میں ممتاز کاروباری شخصیات کے علاوہ لیثررلیگز کے سید اسحٰق شاہ، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اور دیگر بھی شریک تھے۔اس موقع پر نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ نے لاہورکی ٹیم کو چمپیئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں جو ایک مثبت اشارہ ہے۔