ڈبلن(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی نے عالمی کپ دو ہزار انیس کے بعد شروع ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پوائنٹس سسٹم اراکین کے سامنے پیش کردیا جس میں ہر سیریز کے دوران کوئی ٹیم زیادہ سے زیادہ 120پوائنٹس حاصل کر سکے گی اس طرح ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ایک سائیکل کے دوران چھ سیریز کے دوران 720پوائنٹس کا حصول ممکن ہوگا۔ گورننگ باڈی کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے پوائنٹس سسٹم پر مختلف پہلوؤں سے بحث کے بعد تفصیلات طے کر لی گئی ہیں جن کو کرکٹ کمیٹی کی وساطت سے آئی سی سی بورڈ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہر جیت پر 60،ڈرا پر 20 اور ٹائی پر 30 پوائنٹس ایوارڈ کئے جائیں گے جبکہ تین میچوں کی سیریز میں ہر کامیابی پر 40،ڈرا پر 13.3 اور ٹائی پر20 پوائنٹس کا حصول ممکن ہوگا۔چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہر کامیابی پر 30،ڈرا پر دس اور ٹائی پر پندرہ جبکہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہر فتح پر 24،ڈرا پر آٹھ اور ٹائی پر بارہ پوائنٹس مل سکیں گے ۔پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز پانچ،صفر سے جیت کر کوئی بھی ٹیم 120پوائنٹس یقینی بنا سکے گی لیکن تین،دو سے کامیابی پر جیتنے والی سائیڈ 72 اور ہارنے والی ٹیم 48 پوائنٹس لے سکے گی۔ تین،صفر سے جیت کی صورت میں فاتح سائیڈ 88 اور شکست خوردہ ٹیم دو ڈرا میچوں کی بدولت 16 پوائنٹس حاصل کرے گی۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں چونکہ فتح کے 60 پوائنٹس ہوں گے لہٰذا جیتنے والی ٹیم دونوں میچز میں 120پوائنٹس لے گی جبکہ ایک ،صفر سے کامیابی پر جیتنے والی ٹیم کو 80 اور ہارنے والی ٹیم کو بیس پوائنٹس ملیں گے ۔