ومبلڈن اوپن،بڑے کھلاڑیوں نے پہلا مرحلہ عبورکرلیا

لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)سال کے تیسرے گرینڈ سلم ایونٹ ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ میں رافیل نڈال اورنوواک جوکووچ پہلا پڑاؤ پار کر گئے تاہم نمبر سات سیڈ ڈومینک تھیئم کا صفایا ہوگیا،ویمنز سنگل میں ٹاپ سیڈ سیمونا ہالیپ اور گاربائن موگوروزا کی کامیاب پیش قدمی کا بھی آغاز ہو گیا۔مینز سنگل ایونٹ میں نمبر دو سیڈ اسپین کے رافیل نڈال نے اسرائیل کے ڈوڈی سیلا کو چھ،تین،چھ،تین اور چھ،دو جبکہ نمبر بارہ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے امریکا کے ٹینائس سینڈگرین کو چھ،تین،چھ،ایک اور چھ،دو سے مات دے کر پہلامرحلہ پار کرلیا لیکن نمبر سات سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیئم کو قبرص کے مارکوس بغداتیس نے چھ، چار، سات، پانچ اور دو،صفر کے اسکور پر ریٹائرمنٹ کیلئے مجبور کردیا۔ فرانس کے جولین بینے ٹیو،پائرے ہیوز ہربرٹ اور جائلز سیمون، نمبر چار سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زویریو،نمبر چودہ سیڈ ارجنٹائن کے ڈیگو شوارٹزمین،نمبر پندرہ سیڈ آسٹریلیا کے نک کیرگیوس،نمبر پانچ سیڈ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کے علاوہ کائی نشیکوری اور دامیر زومہور بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔ویمنز سنگل مقابلوں میں ٹاپ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے جاپان کی کرومی نارا کو چھ،دو اور چھ،چار جبکہ نمبر تین سیڈ اسپین کی گاربائن موگوروزا نے برطانیہ کی ناؤمی براڈی کو چھ،دو اور سات،پانچ سے ہرا دیا تاہم نمبر چھ سیڈ فرانس کی کیرولین گارشیا کو سوئس حریف بلینڈا بین چچ اور دو مرتبہ کی چیمپئن نمبر آٹھ سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا کو بیلاروس کی الیکسینڈرا ساسنووچ نے مات دے کر اپ سیٹ کردیا۔نمبر گیارہ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر،برطانیہ کی جوہانا کونٹا،سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا،آسٹریلیا کی ڈاریا گیوریلووا،ایشلے بارٹی،سمانتھا اسٹوسر اور جاپان کی ناؤمی اوساکا بھی دوسرے مرحلے میں پہنچ گئیں۔

تعارف: newseditor