چیمپئنز ٹرافی،گول کیپر عمران کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے بعد منگل کو وطن واپس پہنچ گئی، ٹیم نے آخری چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم کے منیجر حسن سردار نجی کام سے امریکا چلے گئے۔ وطن واپسی پر ایک انٹرویو میں گول کیپر عمران بٹ نے کہا کہ پوزیشن کے اعتبار سے ہماری کارکردگی اچھی نہیں دکھائی دے رہی ہے، مگر کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارمنس دکھائی ہے، پاکستان کی درجہ بندی13ویں ہے مگر ہم نے اولمپک چیمپئن ارجنٹائن کو شکست دی، آسٹریلیا جو اس وقت ورلڈ چیمپئن ہے اس کے خلاف ہم 2-1سے ہارے، چند ماہ قبل ہم آسٹریلیا سے نو گول سے ہارے تھے۔ یہ تجربہ ہمارے لئے ایشین گیمز میں سود مندثابت ہوگا، کھلاڑیوں کی فٹنس بھی ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ اچھی نظر آئی، انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف گول کیپر کو میدان سے واپس بلانے کا فیصلہ درست تھا، ایف آئی ایچ کے قوانین کے تحت خسارے میں جانے والی ٹیم اس قسم کا تجربہ کرسکتی ہے، چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیموں نے گول کیپر کو گرائونڈ سے بلانے کا تجربہ کیا، مجھے بھی بھارت کے خلاف اسی تجربے کے لئےواپس بلایا گیا تھا، فارورڈ شفقت رسول نے کہا کہ غیر ملکی کوچ کو آئے ہوئے ابھی دوماہ ہوئے ہیں ،انہیں کچھ وقت مل جائے تو وہ ٹیم کو بہتر شکل میں لاسکتے ہیں، ماضی میں ہم ان ٹیموں کےخلاف بڑے اسکور سے ہارے ہیں مگر دو ماہ میں ان بڑی ٹیموں کے خلاف ہماری شکست کا مارجن کم ہوگیا ہے، چیمپئنز ٹرافی کے میچز ہماری پریکٹس کا حصہ تھے۔

تعارف: newseditor