آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کا 2019ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے آئندہ برس ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔نیوزی لینڈ کے سابق وکٹ کیپر ڈیو رچرڈسن 2002 میں بطور آئی سی سی جنرل منیجر گورننگ باڈی کا حصہ بنے تھے اور 2012 میں ہارون لورگاٹ کے مستعفی ہونے کے بعد وہ گزشتہ 6برس سے بحیثیت آئی سی سی چیف ایگزیکٹو خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہیں ریٹائرمنٹ سے قبل 42 ٹیسٹ اور 122 ون ڈے میچوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔اپنے ایک بیان میں رچرڈسن نے کہا کہ میں گزشتہ 16 برس سے آئی سی سی کے ساتھ اپنے کام سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور کیریئر کے دوران آئی سی سی بورڈ اراکین نے بہت تعاون کیا جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹر ہونے کی حیثیت سے جانتا ہوں کہ ریٹائرمنٹ کے وقت کا تعین کرنا سب سے مشکل کام ہوتا ہے اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈ کپ کے بعد اس عہدے کو چھوڑ دینا صحیح وقت ہو گا۔کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیئرمین ششانک منوہر نے آئی سی سی بورڈ کی جانب سے گورننگ باڈی کے لیے خدمات پر رچرڈسن کا شکریہ ادا کیا۔ششانک منوہر نے کہا کہ رچرڈسن نے دنیا بھر میں کرکٹ کی ترقی کے لیے جو کام کیا وہ قابل ستائش ہے اور ہر کوئی ان کی کمی محسوس کرے گا۔

تعارف: newseditor