پشاور زلمی کیلئے ایک اور بڑا اعزاز

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کی سابق چیمپین پشاور زلمی کا ایک اور بڑا اعزاز، امریکن کمپنی نیلسن نے مسلسل دوسرے سال پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ کی نمبرون برانڈ قرار دے دیا ۔ہائیر سب سے زیادہ متاثر کن اور ہائی ویلیو شرٹ لوگو قرار پایا، زلمی سے جڑے تمام سپانسرز نے مسلسل دوسرے سال کامیاب ترین برانڈ ویلیو حاصل کی۔ نیلسن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی اور اس سے منسلک اسپانسرز نے سب زیادہ برانڈ ویلیو حاصل کی۔پاکستان سپر لیگ چیمپین بننے کے بعد گزشتہ سال بھی نیلسن نے پشاور زلمی کو نمبر ون قرار دیا تھا۔ نیلسن کے مطابق پشاور زلمی نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر فینز اور عوام کے ساتھ بہترین تعلق اور برانڈ ویلیو کے حوالے سے متاثر کن کارکردگی پیش کی اور ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ کی مقبول اور بہترین فرنچائز بننے کا اعزاز حاصل کیا۔پشاور زلمی کے ٹائٹل سپانسر ہائیر پاکستان لوگو شرٹ کے لحاظ سے سب سے نمایاں اور سرفہرست برانڈ قرار پایا ، پاکستان سپر لیگ تھری میں شریک تمام ٹیموں اور تمام اسپانسرز کے مقابلے میں پشاور زلمی کے اسپانسر ہائیر نے سب زیادہ برانڈ ویلیو حاصل کی ۔پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ وہ پشاور زلمی کی ٹیم کھلاڑیوں اور تمام فینز کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جن کی بدولت پشاور زلمی کو بہترین فرنچائز بننے کا اعزازحاصل ہوا ۔

تعارف: newseditor