لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے ومبلڈن اوپن کے فائنل میں کیون اینڈرسن کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر چوتھی مرتبہ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔اتوار کو لندن میں کھیلے گئے سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی کیونکہ ان دونوں کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں اپنے حریفوں کو کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔کیون اینڈرسن نے ساڑھے 6 گھنٹے تک جاری رہنے والے سیمی فائنل میں جان اسنر کو شکست دی اور یہ میچ ومبلڈن اوپن کی تاریخ کا دوسرا طویل ترین میچ تھا جبکہ عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کو زیر کرنے کے لیے جوکووچ کو 5گھنٹے سے زائد جدوجہد کرنا پڑی تھی۔تاہم فائنل میں تجربہ کار جوکووچ کے خلاف کوری اینڈرسن بالکل بجھے بجھے نظر آئے اور سربین اسٹار نے میچ میں اسٹریٹ سیٹ میں فتح حاصل کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔جوکووچ نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جنوبی افریقن کھلاڑی کیون اینڈرسن کو 2-6, 2-6 اور 6-7 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔یہ ان کے کیریئر کا چوتھا ومبلڈن اوپن جبکہ مجموعی طور پر 13واں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔یہ جوکووچ کا گزشتہ دو برسوں کے دوران پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے اور انہوں نے آخری مرتبہ 2016 میں فرنچ اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔اس فتح کے ساتھ ہی جوکووچ زیادہ گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز جیتنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس فہرست میں پہلے نمبر پر راجر فیڈرر ہیں جنہوں نے 20ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں، رافیل نڈال 17 ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے اور امریکا کے پیٹ سمپراس 14 ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔