لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ شروع

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ منگل کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی ہے، چیمپئن شپ کے سلوگن ’’سرسبز اور صحتمند پنجاب‘‘ کے ساتھ سپورٹس ایسوسی ایشن بھی چیمپئن شپ میں تعاون کررہی ہیں، اس موقع پرڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، انیس شیخ ،ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی ، ہاکی اولمپیئن نوید عالم اور دیگر بھی موجود تھے۔


منی ہاکی سٹیڈیم میں چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ننکانہ صاحب ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو 2-0سے شکست دیدی، لاہور ڈسٹرکٹ کی جانب سے عبدالمنان اور حسیب نے ایک ایک گول کیا۔لاہور فٹ بال اکیڈمی جوہر ٹائون میں ہونے والے فٹ بال کے میچ میںڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ لاہور کی ٹیم کو 3-0سے شکست دیدی۔


18جولائی کو ٹیبل ٹینس کا مقابلہ لاہور اور ننکانہ صاحب کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، جبکہ دوسرا مقابلہ شیخوپورہ اور قصور کے مابین ہوگا، ہاکی کے مقابلے لاہور اور قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے درمیان منی ہاکی سٹیڈیم میںہوں گے، فٹ بال کا میچ لاہور فٹ بال اکیڈمی جوہرٹائون میں ہوگا جہاں شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، والی بال کے مقابلے لاہور اور قصور، شیخوپور اور ننکانہ صاحب کے مابین نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہونگے، بیڈ منٹن کے مقابلے بھی اسی مقام پر لاہور اور ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور قصور کے مابین ہوں گے، 18اور 19جولائی کو جمنیزیم ہال میں ہوں گے جس میں تائیکوانڈو کے45،48،53،55،59،63،68اور 69کلوگرام کی کیٹیگری کے مقابلے ہوں گے جبکہ ریسلنگ کے 36،42،46،50،54،58،63اور 69کلوگرام کیٹیگری کے مقابلے ہوں گے۔

تعارف: newseditor