انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ، لاہور کے کھلاڑیوں کی سبقت برقرار


لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جاری لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ کے تیسرے روز بھی مقابلے جاری رہے، لاہور کے کھلاڑیوں نے اپنی سبقت برقرار رکھی ،’’سرسبز اور صحتمند پنجاب ‘‘ سلوگن کے ساتھ سپورٹس ایسوسی ایشنز کے تعاون سے ہونیوالی چیمپئن شپ کے تیسرے روز لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم ٹیبل ٹینس کی چیمپئن بن گئی، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں

قبل ازیں لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے شیخوپور ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو 3-1سے شکست دیدی، لاہور کے تیمور خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں میچز جیت لئے، تیمور خان نے شیخوپورہ کے موسیٰ یاسر کو سٹریٹ سیٹ میں 11-3،11-4اور 11-7سے شکست دی

دوسرے میچ میں تیمور خان نے موسیٰ یاسرکو 5-11،11,07،7-11،13-11اور 11-5سے ہرادیا، لاہور کے ہی احمد نے عبداللہ یاسر کو 11-5،11-4اور 11-6سے بآسانی مات دیدی، ایک اور مقابلے میں شیخوپورہ کے جہانزیب نے لاہور کے عبداللہ اسلم کو 11-6،13-11اور 11-6سے شکست دی،دوسرے میچز میں لاہور نے قصور کو 3-0، قصور نے ننکانہ صاحب کو 3-0اور شیخوپورہ نے ننکانہ صاحب کو 3-0 سے ہرایا

نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہونے والے والی بال کے مقابلے میں بھی لاہور فاتح رہا اور قصور کو 2-0سے ہرادیا، لاہور نے 25-20اور 25-20سے کامیابی حاصل کی۔دوسرے میچ میں شیخوپورہ نے لاہور کو 2-1سے ہرادیا، سکور26-24،22-25اور 15-9رہا، ایک اور میچ میں قصور نے ننکانہ صاحب کو 2-0سے مات دیدی، سکور 25-13اور 25-9رہا،منی ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں شیخوپورہ نے ننکانہ صاحب کو ایک صفر سے شکست دی

شیرالحسن نے واحد گول کیا،ایک اور میچ میں لاہور نے شیخوپورہ کو 3-0سے مات دی، لاہور کی جانب سے عبدالقیوم، عبدالمنان اور رانا ارمان نے ایک ایک گول کیا، ریسلنگ میں 63کلوگرام کیٹیگری میں لاہور کے ذیشان نے ننکانہ صاحب کے ماجدعلی، 38کلوگرام میں لاہور کے حسن نے ننکانہ صاحب کے جاوید، 46کلوگرام میں لاہور کے محمد ذیشان نے شہباز، 54کلوگرام میں لاہور کے عمر لطیف نے ننکانہ صاحب کے حسنین اور شیخوپورہ کے محمد قاسم نے قصور کے اعجاز کو شکست دی،شائقین کی بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

تعارف: newseditor