قومی کرکٹرز کی بنی گالہ آمد،عمران خان کو مبارکباد دی

اسلام آباد(جی سی این رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فاسٹ بالر عمر گل اور وقار یونس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ اور عمر گل بنی گالا پہنچے تو جہانگیر ترین نے اُن کا استقبال کیا۔ کرکٹرز کی عمران خان سے ملاقات میں سابق کپتان وقار یونس بھی موجود تھے۔ قومی کرکٹرز نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فوٹو: سوشل میڈیا

عمران خان نے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کرکٹ میں نمبر ون ٹیم بنائیں گے اور کھلاڑیوں کے لیے بہترین مواقع اور زیادہ میدان فراہم کریں گے۔ملاقات کے بعد کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ماضی کے عظیم آل راؤنڈر اور سابق کپتان عمران خان نے ملاقات میں اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ وہ اقتدار میں آکر کرکٹ کے معاملات کو ٹھیک کریں گے اور پاکستانی ٹیم کو دنیا کی صف اول کی ٹیم بنانا ان کے اہداف میں شامل ہیں۔

فوٹو: سوشل میڈیا

عمران خان نے سرفراز احمد سے کہا کہ پاکستانی ٹیم اچھا کررہی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ ٹیم مزید بہتر کرے گی، میری تمام تر نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے لیے ہیں۔ملاقات میں عمر گل نے کہا کہ آپ ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے جب کہ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل تابناک دکھائی دیتا ہے۔

تعارف: newseditor