راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان میں چھ دن تک 20 ہزار فٹ کی بلندی پر بے یار و مددگار پھنسے رہنے والے روسی کوہ پیما الیگزینڈر گوکوف کا کہنا ہے برفانی طوفان کے باعث وہ شدید خوف میں مبتلا تھے، رونا چاہتے تھے رو نہیں پا رہے تھے، ذہنی کیفیت کی وجہ سے یوں لگتا تھا جیسے وہ گھر پہنچ گئے ہیں۔گلگت بلتستان میں قراقرم کے پہاڑی سلسلے کی 7145 میٹر بلند لاٹوک ون چوٹی سر کرنے کی کوشش روسی کوہ پیماؤں کو بھاری پڑ گئی، ایک جان کی بازی ہار گیا، دوسرا چھ روز تک 20 ہزار فٹ کی بلندی پر پھنسا رہا، خوراک کی غیر موجودگی اور شدید برفانی طوفان نے مشکل مزید بڑھا دی۔پاک فوج نے سر توڑ کوشش کے بعد الیگزینڈر گوکوف کو ریسکیو تو کر لیا لیکن خوفناک واقعہ نے کوہ پیما کے ذہن پر انمٹ نقوش چھوڑ دیئے، الیگزینڈر کا کہنا ہے یخ بستہ ہواؤں اور برفانی طوفان نے ان کا ذہن مفلوج کر دیا، وہ رونا چاہتے تھے پر رو نہیں پا رہے تھے، انہیں یوں محسوس ہوتا تھا جیسے وہ اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں کوہ پیما کا علاج جاری ہے اور ان کی ٹانگوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔