ایشیا کپ ،قومی کر کٹ ٹیم کی تیاریوں کا آغاز عید کے بعد ہوگا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کر کٹ ٹیم کی ایشیا کپ کیلئے تیاریوں کا آغاز عید کی تعطیلات کے بعد ہوگا جب کہ ہفتے کو سلیکٹرز سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔دورۂ زمبابوے میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور میزبان ٹیم کیخلاف 5ون ڈے میچز کے بعد قومی ٹیم کی کوئی انٹرنیشنل مصروفیات نہیں تھیں،شعیب ملک سمیت چند کرکٹرز کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شریک ہوئے، دیگر نے آرام کرنے کے ساتھ فٹنس پلان کے مطابق انفرادی طور پر ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا۔کپتان سرفراز احمد اور چند کھلاڑیوں نے لاہور میں فضل محمود کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ میچز بھی کھیلے،عید کی تعطیلات کے ساتھ ہی کرکٹرز کی فراغت کا وقت بھی ختم ہو جائے گا، پھر یواے ای میں 15سے 28ستمبر تک شیڈول ایشیا کپ کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ذرائع کے مطابق ہفتے کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی لاہور آمد متوقع ہے، ابھی تک لاہور قلندرز کے ٹرائلز کیلیے مختلف شہروں میں مصروف رہنے والے چیف سلیکٹرز انضمام الحق بھی ممکنہ قومی اسکواڈ پر ساتھیوں سے مشاورت کا آغاز کریں گے،نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں3روز تک جاری رہنے والے سیشنز میں انگلینڈ لائنز کیخلاف میچز کیلیے اے ٹیم پر بھی غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سلیکٹرز ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ورلڈکپ پلان کے حوالے سے ہوم ورک سے آگاہ کریں گے، اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایشیاکپ کیلیے اسکواڈ کا انتخاب ہوگا، کھلاڑیوں کو تازہ دم کرنے کیلیے ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ لگانے کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا گیا تھا، پلیئرز 28اگست کو پرفضا مقام کیلیے رخت سفر باندھیں گے،3ستمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں واپسی کے بعد تربیتی کیمپ شروع ہوگا۔

تعارف: newseditor