لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان تیمور خان نے وزارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد منگل کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب کا دورہ کیا، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان تیمور خان کا نیشنل ہاکی سٹیڈیم آمد پر استقبال کیا، اس موقع پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان تیمور خان سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے افسران کا تعارف کرایا، بعد میں صوبائی وزیر کھیل تیمور خان نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم اور پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات دیکھے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل تیمور خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کھیلوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹس کے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں گے، نیا ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا اور ان کی تربیت کرکے قومی و عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا کریں گے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں ان کی بہتر رہنمائی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔