لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ میں نئے چیئرمین احسان مانی کی تقرری کے بعد انہوں نے اپنے آپ کو میڈیا سے دور رکھنے اور ہر بات پی سی بی ترجمان کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اتوار کو جب نمائندہ جیو نیوز نے احسان مانی سے فون پر رابطہ کیا تو انہوں نے اپنی نئی میڈیا پالیسی بیان کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے سنیئر منیجر میڈیا رضا راشدکچلو کو اپنا ترجمان مقرر کیا ہے اگر مستقبل میں کسی نے پی سی بی کے بارے میں کوئی معلومات حاصل کرنا ہے تو اسے ہمارے ترجمان سے بات کرنا ہوگی۔تاہم وہ اس بارے میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے کہ خفیہ معلومات باہر لانے والوں کے لئے کیا پالیسی ہوگی۔احسان مانی نے کہا کہ اب چیئرمین براہ راست کسی میڈیا والے سے بات نہیں کرے گا، بات کرنے کے لئے ایک پروٹوکول بنادیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کو بھی پیشہ ورانہ انداز میں چلانا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ میڈیا کو ایک ہی جگہ سے خبریں اور معلومات فراہم کی جائیں جیسا کہ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز میں ہوتا ہے اسی لیے انہوں نے بورڈ میں غیر ضروری واٹس ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے لئےنجم سیٹھی کے اسٹاف افسر کو میڈیا مینیجر بنانے کی تجویز ہے۔پی سی بی ترجمان کو پہلی بار مکمل اختیارات کے ساتھ متحرک کیا جارہا ہے۔حیران کن بات یہ ہے کہ ماضی میں پی سی بی چیئرمین شہریار خان اور نجم سیٹھی میڈیا سے براہ راست بات کرتے تھے۔نجم سیٹھی اکثر میڈیا کو خبریں دیتے تھے اور وہ سوشل میڈیا پر متحرک ہوتے تھے۔ان کے دور میں میڈیا ڈپارٹمنٹ عملی طور پر غیر متحرک تھا۔احسان مانی کے چارج سنبھالتے ہی بورڈ کے کچھ افسران نے میڈیا نمائندوں کو خفیہ معلومات کی فراہمی شروع کردی ہے۔احسان مانی جن کا زیادہ تر وقت بیرون ملک گزرا ہے وہ پاکستانی میڈیا کو اہمیت دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔