اسلام آباد اکیڈمی کلب نے جشن آزادی فٹ بال کپ ٹورنامنٹ جیت لیا


اسلام آباد ( نواز گوھر ) اسلام آباد اکیڈمی کلب نے غوری کلب کو 2-0 گول سے شکست دے کر جشن آزادی فٹ بال کپ جیت لیا، فائنل میچ کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم تھے، جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے، اسلام آباد اکیڈمی کلب کے یاسر مین آف دی میچ، غوری کلب کے عادل کو ٹاپ ٹورنامنٹ کا ٹاپ سکور اور جی ایٹ یونائیٹڈ کلب کے احتشام کو ٹورنامنٹ کے بہترین گول کیپر کا انعام دیا گیا، اس موقع پر اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری، اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کرنل (ر ) غلام مرتضی شاہ، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدور محمد زمان اور سید مقبل حسین نقوی، جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری اطلاعات رانا تنویر احمد اور ینگ رائزنگ سٹار ویمن کلب سربراہ حاجی غیاث الدین بلوچ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، جناح سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں وقفے تک اسلام آباد اکیڈمی کلب کو غوری کلب کے خلاف ایک گول کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں اسلام آباد اکیڈمی کلب نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ 2-0 گول سے جیت کر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ پہلے ہاف کے 33 ویں منٹ میں اسلام آباد اکیڈمی کلب کے محمد علی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو دوسرے ہاف کے 29 ویں منٹ میں نعمان نے گول کرکے مقابلہ دگنا کردیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا، غوری کلب کے کھلاڑیوں نے مارجن کم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے ہیں، ریفری کے فرائض ارسلان شریف نے جبکہ ڈپٹی ریفریز کے دلاور حسین اور علی نواز نے انجام دیئے، ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کی بہترین 32 ٹیموں نے حصہ لیا۔

تعارف: newseditor