لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ لان ٹینس کے فروغ اور نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے لانے کے لئے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے تعاون سے پنجاب کی سطح پر لان ٹینس چیمپئن شپ کرائیں گے، ہمارے ٹینس سٹار عصام الحق اور اوشنا سہیل عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ لان ٹینس کورٹ بنایا گیا ہے جس میں نئے کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سیکرٹری سپورٹس پنجاب و چیئرمین پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن رائو افتخارسے ملاقات کے دوران کیا، رائو افتخار نے منگل کے روز ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں لان ٹینس کے فروغ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے لان ٹینس کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کا ٹینس کورٹ بنایا ہے جس میں تمام جدید سہولتیں میسر ہیں، نئے کھلاڑی تلاش کرنے کیلئے پنجاب کی سطح پر چیمپئن شپ کرائیں گے اور ان میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو ماہر کوچز سے تربیت دلوائیں گے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان اور رائو افتخار نے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا
اس موقع پر رائو افتخار کا کہنا تھا کہ ٹینس کورٹ میں عالمی معیار کی تمام سہولتیں موجود ہیں جس میں انٹرنیشنل میچز بھی ہوسکتے ہیں ، رائو افتخار نے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے جس طرح اقدامات کئے گئے ہیں ہم پُرامید ہیں کہ پاکستان میں سپورٹس کا مستقبل روشن ہے اور نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس میں حصہ لیں گے، بعد میں انہوں نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔