لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کانگریس ممبرپاکستان ہاکی فیڈریشن ، چیئرمین ڈسپلن کمیٹی اولمپئین نوید عالم کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھرکی جانب سے کوئی لیٹرموصول نہیں ہوا، سیکرٹری پی ایچ ایف کانگریس ممبران کا اعتماد کھو چکے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہاؤس کے 58 سےزائد ارکان نے ریکوزیشن پردستخط کردیئے ہیں اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں اور اس کے لئے غیرجانبدارانہ جگہ پر حکومتی اداروں سمیت وزارت کھیل اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی اجلاس منعقد کیا جائے.اولمپئین نوید عالم نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے اور قومی کھیل کی بدقسمتی ہے کہ صدر پی ایچ ایف ہاکی سے زیادہ شہباز سینئرکو بچاتے رہے، اس کے پیچھے کیا عوامل کارفرما ہیں اس کا علم سب کو جلد ہوجائے گا.
اولمپئین نوید عالم نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف کی سوشل میڈیا ویب سائٹ کو کردار کسشی کے لئے استعمال کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 1996 ااٹلانٹا اولمپکس کی بغاوت کے مرکزی کرداراور سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر سوشل میڈیا پر اپے ہم نوالہ ہم پیالہ دوستوں کی مدد سے کردار کشی مہم کی سرپرستی میں مشغول ہیں جس پرجلد قانونی کارروائی کی جائے گی.انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف جیسے ادارے کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے جس پر پورے ہاؤس کو شدید تحفظات ہیں.پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مینجمنٹ کی جانب سے اولمپئین نوید عالم کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ کے عہدے سے برطرف کرنے کے اعلانات کے باوجود نوید عالم پی ایچ ایف ہیڈ آفس میں واقع اپنے دفتر میں بیٹھے نظر آئے۔