قائداعظم کرکٹ ٹرافی، راولپنڈی نے پی ٹی وی کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی تیسرے مرحلے کے میچ میں راولپنڈی نے پی ٹی وی کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، پی ٹی وی کی ٹیم دوسری اننگز میں 320 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے راولپنڈی کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 45 رنز کا ہدف دیا جو راولپنڈی نے دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پورا کیا، توثیق شاہ نے میچ میں 9 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے چوتھے اور آخری روز پی ٹی وی کی ٹیم نے 215 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو عامر جمال 23 اور تیمور خان 16 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا، عامر 46 اور تیمور 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 320 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اسطرح راولپنڈی کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 45 رنز کا ہدف ملا جو اس نے دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ سرمد حمید 29 اور طیب ریاض 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تعارف: newseditor