میڈرڈ(سپورٹس لنک رپورٹ)سپین کے مایہ ناز ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال نے پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا، اکتیس سالہ رافیل نڈال نے یہ اعلان پیٹ میں چوٹ آنے کی وجہ سے کیا ہے، رافیل نڈال نے پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنے ہم وطن فرنینڈو ویرڈاسکو کیخلاف میچ سے چند لمحے پہلے کیا، رافیل نڈال نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میں پیرس ماسٹرز میں شرکت کرتا مگر گزشتہ ایک ہفتے سے مجھے پیٹ میں چوٹ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور ابھی تک میں مکمل طورپر ٹھیک نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے مجھے یہ دستبرداری کا اعلان کرنا پڑا، ان کا کہنا تھا کہ سروس کراتے ہوئے یہ تکلیف زیادہ ہوتی ہے اور آگے نئے سیزن میں مجھے مکمل فٹ ہونے کیلئے ابھی وقت درکارہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرسے مشاورت کے بعد ہی انہوں نے میچ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے اور امید ہے کہ جلد مکمل فٹ ہو کر دوبارہ ایکشن میں نظر آئوں گا، میں اپنے مداحوں اور بالخصوص ٹورنامنٹ کے منتظمین سے معذرت خواہ ہوں کہ میں یہ ٹورنامنٹ جاری نہیں رکھ سکتا۔