میلبورن(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈکوچ جسٹن لینگر نے بال ٹیمپرنگ کو عالمی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اس ذمہ داری پر فائز ہوں کھلاڑیوں کو گیند سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرنے دوں گا۔ لینگر کو ڈیرن لی مین کے مستعفی ہونے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کا کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جہاں پر وکٹیں باؤلرز کیلئے سازگار نہیں ہوتیں وہاں پر کھلاڑی بال ٹیمپرنگ کرتے ہیں اسلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسی وکٹیں تیار کی جائیں جو بلے بازوں کے ساتھ ساتھ باؤلرز کو بھی سوٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک میں آسٹریلیا کا کوچ ہوں کسی کھلاڑی کو گیند سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرنے دوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران میرے لئے ایک بات بہت دلچسپ ہے کہ مختلف ممالک کے کرکٹرز کی طرف سے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کلچر کو خوفناک اور کھلاڑیوں کے رویے کو ذلت آمیز قرار دیا جا رہا ہے حالانکہ میں سمجھتا ہوں کہ آسٹریلوی کھلاڑی حقیقی معنوں پر پیشہ ور اور محنتی ہیں، کینگروز کا شمار دنیائے کرکٹ کی خطرناک ٹیموں میں کیا جاتا ہے اور اسے ریکارڈ سب سے زیادہ بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور میں شائقین کے اعتماد کی بحالی کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔