پرتھ(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل اتوار کو پرتھ پر کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقن ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے پہلے ہی آسٹریلیا پہنچ چکی ہے، یہ دونوں ٹیموں کے درمیان بال ٹیمپرنگ واقع کے بعد پہلی سیریز ہے اسلئے دلچسپ و کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کو سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، تینوں کھلاڑیوں کو بال ٹیمپرنگ میں کردار ادا کرنے پر معطلی کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب جنوبی افریقن ٹیم کو بھی سٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز اور اوپننگ بیٹسمین ہاشم آملہ کی خدمات حاصل نہیں ہیں، ویلیئرز نے رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ آملہ فٹنس مسائل سے دوچار ہیں اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 9 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے 11 نومبر کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ 17 نومبر کو شیڈول ہے۔