دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بھی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے، اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے آسڑیلیا ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا، نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں جیت کا سہرا بابر اعظم اور محمد حفیظ کے سر رہا جنہوں نے بالترتیب 79 اور 53 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنزکا ہدف تھا جو اس سیریز کے دوران دیا جانے والا سب سے بڑا ہدف تھا،ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ناکام رہی اور صرف ایک سو انیس رنز پر ڈھیر ہو کر میچ 47 رنز کے فرق سے ہار گئی، نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں فہیم اشرف نے کولن منرو کو بولڈ کردیا۔
کیویز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن ڈیی گرینڈ ہوم تھے جنہیں عثمان خان شینواری نے رن آؤٹ کیا۔ 96 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ ولیم سن کی گری جو 60 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے، شاداب خان کے اسی اوور میں گلین فلپس 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کے اوور میں مارک چیپمین 2 اور سیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ ٹم ساؤتھی بھی بغیر کھاتا کھولے رن آؤٹ ہوئے اور راس ٹیلر 7 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے۔قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا لیکن 29 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 11 رنز بناکر فرگوسن کا شکار بنے جس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنائے۔ پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 79 رنز بناکر گرینڈ ہوم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے اسی اننگز میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔
پاکستان کی تیسری وکٹ شعیب ملک کی گری جو 19 رنز بناکر گرینڈ ہوم کا شکار بنے جب کہ محمد حفیظ 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بابر اعظم اور محمد حفیظ کے شاندار کھیل کے بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے گرینڈ ہوم نے 2 اور فرگوسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔