نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)رواں ماہ بھارت میں ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارت کی جانب سے تاحال پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزے کا اجرا نہیں کیا گیا ہے، یاد رہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کھیلوں کے معاملات بھی بری طرح متاثر ہوتے ہیں،پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے ویزے کی درخواست دی جا چکی ہے جس پر ابھی تک بھارتی حکومت غور کر رہی ہے کہ ویزے جاری کئے جائیں یا نہیں، یاد رہے کہ 2016میں بھی بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم ویزے نہ ملنے کی وجہ سے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرسکی تھی،ادھر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ رواں ماہ ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے بھارتی حکومت کو چاہتے نہ چاہتے ہوئے بھی پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزے جاری کرنے پڑیں گے کیونکہ ویزے نہ جاری کرنے سے بھارتی ہاکی فیڈریشن کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے انتہائی سخت اقدام کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پہلے ہی بھارتی حکومت کو خط لکھ چکی ہے کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں اورآفیشلز کو ویزے جاری کرےپاکستان کی ہاکی ٹیم نے آخری بار بھارت کی سرزمین پر میچ دسمبر 2014 میں کھیلا تھا جب پاکستانی ٹیم نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست دی تھی تاہم اس میچ کے اختتام پر پاکستان کی جانب سے جیت کی خوشی منانا بھارت کو انتہائی برا لگا تھا،گزشتہ سال بھارتی حکومت نے پاکستانی ریسلز کو بھی ویزے جاری نہیں کئے تھے جس وجہ سے وہ ایشین مقابلوں میں شرکت سے محروم رہ گئے تھے۔