لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون اور پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والی نیشنل ٹرا ئی تھلون چیمپئن شپ پنجاب نے جیت لی، مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و اُمور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پرسیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب و دیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ چیمپئن شپ میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے، پینٹاتھلون گیمز نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہورہی ہیں، نوجوان محنت کریں اور ملک وقوم کا نام سپورٹس کے ذریعے دنیا بھر میں روشن کریں
تفصیلات کے مطابق پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی نیشنل ٹرائی تھلون چیمپئن شپ میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان مار لیا، پنجاب کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 6499 پوائنٹس حاصل کئے اور فاتح قرار پائے، بلوچستان6380 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ریلوے 5740 پوائنٹس لے کر تیسرے نمبر پر رہا، اذلان خان چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
اذلان خان نے 907 پوائنٹس حاصل کئے، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو سپورٹس میں صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہترین مواقع فراہم کررہی ہے، نیشنل ٹرائی تھلون چیمپئن شپ میں مردوخواتین کھلاڑیوں نے گرمجوشی سے حصہ لیا، سپورٹس بورڈ پنجاب ہر کھیل کے فروغ کیلئے بھرپور کام کررہا ہے
پینٹاتھلون گیمز نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے، اس طرح کے ایونٹس سے اسے مزید فروغ حاصل ہوگا، پاکستان پینٹاتھلون فیڈریشن کے صدر و رکن قومی اسمبلی ریاض احمد فتیانہ نے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کو سوینئر پیش کیا
اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب ، پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن کے صدر و رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، ادریس حیدر خواجہ، رائے الطاف حسین، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ،سیکرٹری پینٹاتھلون فیڈریشن ظہور احمد، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ شاہد فقیر ورک، اشفاق احمد، رانا ظہیر اور دیگر بھی موجود تھے۔