پروویڈنس(سپورٹس لنک رپورٹ) ویمن ورلڈکپ ٹی ٹوئینٹی کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 52 رنز سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ویمن ورلڈکپ ٹی ٹوئینٹی کے دوسرے میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 165 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے ایک سو چھیاسٹھ رنز کا ہدف ملا۔پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئ، اس کے تین کھلاڑی پویلین کو لوٹ گئے جس کے بعد بسمہ معروف نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی۔پاکستانی ٹیم بیس اوورز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 113 رنز بنا سکی۔آسٹریلیا کی جانب سے ایلیسا ہیلی اور بیتھ مونی نے اڑتالیس اڑتالیس رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی بسمہ معروف نے چھبیس رنز اسکور کیے۔خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کو 8 برس بعد میگا ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے، ویسٹ انڈیز نے آخری بار 2010ءمیں مینز اینڈ ویمنز ایونٹس کی میزبانی کی تھی۔واضح رہے کہ میگا ایونٹ 9 نومبر سے شروع ہوکر 16 دن جاری رہنے کے بعد سے 24 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ ایونٹ کے میچز اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، گیانا اور سینٹ لوشیا میں کھیلا جارہا ہے۔