پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) خیبر پختونخوا پولیس سپورٹس بورڈ کے زیر نگرانی پولیس کھلاڑیوں نے کھیلوں کے میدان میں اپنی شاندار کارکردگی سے نہ صرف اپنے صوبے بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس سپورٹس بورڈ کا قیام 2009 میں اس وقت عمل میں لایا گیا جب ملک میں دہشت گردی اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی۔ تاہم پولیس کے بہادر اور دلیر جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھر پور لوہا منوانا شروع کردیا۔ پولیس سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں جن میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن، اتھلیٹکس، تیراکی، لان ٹینس، باڈی بلڈنگ اور سکواش شامل ہیں میں پولیس کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ کئی ایک کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر نیشنل اور انٹرنیشنل گیمز میں کئی قسم کے میڈلز بھی جیت چکے ہیں۔ کھلاڑی لیڈی کانسٹیبل ثمرین ہاشمی نے 18نیشنل گولڈ میڈلز، 7 نیشنل سلور میڈلز،3 نیشنل کانسی میڈلز، ایک ایک عدد انٹرنیشنل گولڈ میڈلز اور انٹرنیشنل کانسی میڈل جیت چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی سلیکشن اٹلی کے لیے بطور ٹچ بال کھلاڑی پاکستان ٹچ بال ٹیم میں بھی ہوئی ہے۔ کانسٹیبل عرفان خان پی ایس ایل میں پشاور زلمی اور ملتان سلطان کی نمائندگی کے علاوہ قائداعظم ٹرافی میں باولر آف دی ٹور نامنٹ قرار پاچکے ہیں۔ باڈی بلڈر اعجاز خان کئی نیشنل اور انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ کے مقابلے جن میں دوبئی گولڈ میڈلسٹ، تین دفعہ نیشنل چمپیئن شپ اور کولمبو ساﺅتھ ایشیاءجیت چکے ہیں۔ اسی طرح پولیس کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر گوھر خان وکٹ کیپر آف ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ لاہور قلندر کی ٹیم میں بھی جگہ پا چکے ہیں۔ تیراکی کے عالمی پولیس مقابلوں میں کانسٹیبلز ندیم خان اور عاصم خان 52 ممالک میں چھٹی پوزیشن اور ایشیاءکے ممالک میں پہلی پوزیشن حاصل کرچکے ہیں۔ ہاکی کے مقابلوں میں کانسٹیبل جمیل بوستان اپنی بہترین پرفارمنس سے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اور ایشیاءکپ کی ٹیموں کے لیے منتخب ہو چکے ہیں۔ فٹ بال میں کانسٹیبل بادشاہ گل اور عالمگیر خان پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس کے کھلاڑیوں نے مختلف نیشنل اور انٹرنیشنل گیمز میں مجموعی طور پر 72 گولڈ میڈلز اور 27 سلورمیڈلز جیت چکے ہیں جن میں قومی سطح پر کرکٹ میں 8گولڈ میڈلز اور 2سلور میڈلیز، والی بال میں 3گولڈ میڈلز اور 2سلور میڈلز، ہاکی میں 6گولڈ اور 2سلور میڈلز، فٹ بال میں 14 گولڈ اور 5سلور میڈلز،بیڈ منٹن میں 8گولڈ اور 3سلور میڈلز، ٹینس میں 3گولڈ میڈلز، سکواش میں 3گولڈ میڈلز، اتھلیکٹس میں 3گولڈ اور 3سلور میڈلز، تیراکی میں 5گولڈ اور 3سلور میڈلز جبکہ بین الاقوامی سطح پر 2گولڈ میڈلز شامل ہیں۔ لیڈی کانسٹیبل ثمرین ہاشمی 18 گولڈ میڈلز اور 7سلور میڈلز کے ساتھ سب سے نمایاں کارکردگی کے حامل کھلاڑی ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے خیبر پختونخوا پولیس کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔