برسبین (سپورٹس لنک رپورٹ) عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 نومبرکو برسبین میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ بھارتی ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران تین ٹی 20 میچز، چار ٹیسٹ میچز اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز میں شرکت کریگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 23 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 25 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 سے 10 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا، دوسرا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ کے مقام پر کھیلا جائیگا۔تیسرا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2019ء تک سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری 2019ء کو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ون ڈے میچ 15 جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 18 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔