کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاک فلیگ سی سی ، کے سی سی اے زونIIکے زیر اہتمام جاری محمد ثاقب میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ کراچی ویسٹ سی سی نے مدمقابل فیڈرل اسپورٹس کو باآسانی 73رنز سے ناکام کیا ۔ نعمان احسان اور محمد غفران کی چوتھی وکٹ پر کارامد 114رنز کی شراکت ۔ نعمان احسان نے 50رنز اور محمد غفران نے 43رنز کی اننگز کھیلی۔نعمان کلیم نے 5وکٹیں اڑائیں۔ناکام سائیڈ کے یاسر علی 21رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔الشہزاد سی سی اور گڈ لک سی سی کے مابین سنسنی خیز میچ ہوا۔ الشہزاد نے صرف 5رنز سے فتح اپنے نام کی۔داورالدین نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا پہلے 48رنز کی اننگز کھیلی بعدازاں 25رنز کے عوض 3وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ بخت شیر کے 48رنز کارامد ثابت نہ ہوسکے۔ کراچی ویسٹ کے نعمان کلیم اورالشہزاد سی سی کے داور الدین مین آف دی میچ قرار دیئے گئے ۔گلشن معمار سی سی کے صدرجمال ناصر اور منصورہ اسپورٹس کے کپتان ڈاکٹر عارف زیدی نے بحیثیت مہمان خصوصی مذکورہ کھلاڑیوں کومین آف دی میچ ایوارڈ دئے۔آج (ہفتہ) دو میچز کھیلے جائیں گے۔ منصورہ اسپورٹس گراؤنڈ پر داؤداسپورٹس کولٹس اور این کے یونیورسل جبکہ پاک فلیگ گراؤنڈ پر شائنو اسپورٹس اور ینگ کواپریٹیو مدمقابل ہونگی۔ پاک فلیگ گرانڈ پرکراچی ویسٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25اوورز میں 7وکٹوں پر 196رنز اسکور کئے۔ نعمان احسان نے 50اور محمد غرفان نے 43رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین تیسری وکٹ پر 114رنز جوڑے گئے۔فیضان 34، محمد آصف 32اور ارشاد علی 20رنز پر ناقابل شکست رہے۔نور الدین اور محمد کاشان نے 2,2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔فیڈرل اسپورٹس کی جوابی اننگز 124رنز پر مکمل ہوگئی۔ یاسر علی 21رنز بنا کر نمایاں رہے۔مبین چھاپڑا نے 16اورعذیر خان نے 15رنز بنائے۔ نعمان کلیم نے 5کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ایمپائرز جلال اکبر اور جاوید جعفری تھے۔ منصورہ گراؤنڈپر الشہزاد سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 30اوورز کا سامنا کرنے کے بعد 9وکٹوں پر 179رنز کے حصول میں کامیاب رہے۔ داورالدین نے 3چوکوں کی مدد سے 48رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور پہلی وکٹ پر جنید جلال کے ہمراہ 72رنز جوڑے۔ جنید جلال نے 4چوکے لگا کر 32رنز اسکور کئے۔ اسامہ طاہر کے 19رنز میں 2چوکے شامل تھے جبکہ آصف خان نے بھی 2چوکے لگا کر 15رنز بنائے۔ اکبر خان، محمدرحمن، محمد جاوید اور محمد بلال نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔گڈ لک سی سی جوابی اننگز میں ٹارگیٹ سے 5رنز کی دوری پر ہمت ہار گئی۔ اورمقررہ 30اوورز میں تمام وکٹوں پر 174رنز بناسکی۔ بخت شیر 48رنز میں ایک چوکا اور عبدالرحمن نے بھی ایک چوکے کی مدد سے 35رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین دوسری وکٹ پر 71رنز کی رفاقت قائم ہوئی۔ سجاد خان نے 39رنز میں 3چوکے لگائے۔ داورالدین نے 25رنز پر 3کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ ایمپائرز غلام محمد اور جمیل احمد جبکہ سید تیمور عالم آفیشل اسکورر تھے۔