دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 418 رنز بنا کر ڈکلیئر کی جب کہ نیوزی نیوزی لینڈ نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 24 رنز بنا لیے ہیں۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 24 رنز بنا لیے ہیں۔جیت راول 17 اور ٹام لیتھم 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔قبل ازیں پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 207 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو حارث سہیل 81 اور بابر اعظم 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے بازوں نے کیویز بولروں کے خلاف شاندار مزاحمت کی اور ابتدائی دو سیشن میں بھرپور انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 186 رنز کی شراکت قائم کی۔چائے کے وقفے کے بعد دوبارہ میچ شروع ہوا تو حارث سہیل 360 کے مجموعی اسکور پر 147 رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 421 گیندوں پر مشتمل طویل اننگز میں 13 چوکے بھی لگائے۔
بابراعظم بھی اپنی سنچری بنانے میں کامیاب رہے، انہوں نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف وہ 99 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے۔پاکستان نے 418 رنز 5 وکٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کی تو بابر اعظم 127 اور کپتان سرفراز احمد 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم نے پہلے روز کے اختتام تک اظہر علی اور حارث سہیل کے شاندار 81، 81 رنز کی بدولت 207 رنز بنائے۔اوپنرز محمد حفیظ اور امام الحق ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 18 کے مجموعے پر محمد حفیظ گرانڈ ہوم کی گیند پر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ 25 کے مجموعی اسکور پر گرانڈ ہوم نے ہی امام الحق کو بھی 9 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
قومی ٹیم کی دو وکٹیں گرنے کے بعد اظہر علی اور حارث سہیل نے محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کی اور دونوں بلے بازوں سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔پاکستان کی تیسری وکٹ 151 کے مجموعی اسکور پر گری جب اظہر علی 81 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، چوتھی وکٹ اسد شفیق کی گری جو 12 رنز بناکر پٹیل کا اعجاز پٹیل کا شکار ہوئے۔ کیویز کی جانب سے گرینڈ ہوم نے 2 اور اعجاز پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔