30ویں سینئر وومن نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ30 ویں سینئر وومن نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کاانعقاد خوش آئند ہے جس سے خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور قومی ٹیم کے لئے اچھی کھلاڑی مل سکیں گی، خواتین کو سپورٹس کے میدان میں بھی آگے آنا چاہئے، سپورٹس کے فروغ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب محکمہ ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے سپورٹس اکیڈمی قائم کرے گاجس میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے، ہر کھیل کی لیگ کرائیں گے، 8 سال بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے شروع ہوچکے ہیں تاکہ گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی تلاش کئے جا سکیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت جاری مقابلوں میں ہزاروں کھلاڑی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں یہ نیا ٹیلنٹ سامنے کے لئے پہلا قدم ہے ، سپورٹس کے فروغ کے تمام وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 30 ویں سینئر وومن ہاکی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر، جی ایم وومن ہاکی فیڈریشن تنزیلہ عامر چیمہ اور چاند پروین بھی موجود تھیں

صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے 30 سینئر وومن ہاکی چیمپئن شپ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا، چیمپئن شپ میں شریک 11 ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا اور صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ڈیی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو سلامی پیش کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تحصیل کی سطح پر سپورٹس کو فروغ دیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب محکمہ ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے نئی سپورٹس اکیڈمی قائم کرے گا، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کھلاڑیوں کو سپورٹس اکیڈمی میں لائیں گے جہاں ماہر کوچز ان کو تربیت دیں گے اور اس کے ساتھ کھلاڑیوں کی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، تمام کھیلوں کی لیگ منعقد کرائی جائیں گی، پنجاب گیمز بھی منعقد کرارہے ہیں جس میں سکولوں اور کالجوں کے طالبہ و طالبات حصہ لیں گی

ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لئے تعاون کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے، ہماری قومی ہاکی ٹیم ہاکی ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہے، قوم کی دعائیں ان کے ساتھ انشاء اللہ قومی ہاکی ٹیم فاتح بنے گی۔ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، 30سینئر وومن ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد سے خواتین میں ہاکی کا کھیل مقبول ہوگا ، سپورٹس کیلنڈر کے تحت جاری مقابلوں میں ہزاروں کھلاڑی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں یہ نیا ٹیلنٹ سامنے کے لئے پہلا قدم ہے ، سپورٹس کے فروغ کے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔

تعارف: newseditor