ثاقب کرکٹ‘ لاروش سی سی کے ہاتھوں گلشن معمار جیم خانہ شکست سے دوچار


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) لاروش سی سی نے آسان مقابلے کے بعد حریف گلشن معمار جیم خانہ کو 6وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ بندھانی سی سی کو گلشن معمار سی سی کیخلاف 40رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔ لاروش سی سی کے محمد دین اور بندھانی سی سی کے رضوان اختر نے بالترتیب محمد نظام اور ندیم بندھانی سے مین آف دی میچ ایوارڈ وصول کیا۔پاک فلیگ گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے میچ میں گلشن معمار جیم خانہ نے پلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25.3اوورز میں 138رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔شعیب خان 37رنز بنا کر اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے دوران اننگز انہوں نے 5چوکے رسید کئے۔ شاہنواز جوکھیو نے 17رنز میں ایک چوکا جبکہ نہال احمد نے 11رنز میں ایک چھکا لگایا۔ محمد دین نے 17رنز پر 4اورحماد سعید کو 17رنز پر 3وکٹ ملے۔ جوابی اننگز میں لاروش سی سی نے باآسانی مطلوبہ ہدف 16.5اوورز میں حاصل کرلیا جب 4وکٹوں پر 140رنز آویزاں کئے۔محمد دین نے 6چوکے لگا کر 43رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ندیم راؤ نے 4چوکوں کی مدد سے 32اور ارتضیٰ امجد کے 20رنز میں 2چوکے شامل تھے۔زاہد اقبال اور اخترقریشی ایمپائرز جبکہ محمد منہاج آفیشل اسکورر تھے۔ دوسرے میچ میں بندھانی سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 28.5اوورز میں تمام وکٹوں پر 210رنز بنا کر پویلین سدھار گئی۔ رضوان اختر نے 81رنز کی دلکش اننگز میں 8چوکے اور3چھکے لگائے۔ احمد رمضانی کے 65رنز 8چوکوں پر مشتمل تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 130رنز کی رفاقت قائم کی۔ ارسلان 16رنز میں 2چوکے لگا کر آؤٹ ہوئے۔ کاشف الرحمن نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر 14رنز اسکور کئے۔ راشد خان کو 32رنز کے عوض 2وکٹ ملے۔ گلشن معمار سی سی کی پوری ٹیم 27.5اوورز میں 170رنز پر ہمت ہارگئی۔کاشف خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 48رنز ایک چوکا لگا کر بنائے۔ ضیاء اﷲ کے 32رنز 2چوکوں کی مرہون منت تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین 9ویں وکٹ پر 63رنز جوڑے گئے۔یوسف نصیر کے 22رنز میں 2چوکے اوربازید خان کے 16رنز میں ایک چوکا شامل تھا۔کاشف الرحمن، انس عظیم، انس انیس اور رضوان اختر نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔ایمپائرز جلال اکبر اور زاہد اقبال جبکہ آفیشل اسکوررمحمد منہاج تھے۔

تعارف: newseditor