پی سی بی نے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کیلئے پیشکشیں طلب کر لیں


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے چوتھے ایڈیشن کیلئے ایونٹ میں شامل چھٹی ٹیم کیلئے پیشکشیں طلب کرلی گئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق متعلقہ دستاویزات 14دسمبر تک مفت حاصل کی جاسکیں گی، جب کہ کاغذات 18دسمبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع کروائے جائیں گے۔ ٹیکنیکل پروپوزل اسی روز کھولی جائیں گی، کوالیفائی کرنے والے امیدواروں کو فنانشل بڈز میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، یہ کارروائی بھی 18 دسمبر کو ہی مکمل کرلی جائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی چھٹی ٹیم ملتان سلطان52کروڑ میں فروخت ہوئی تھی، اس سال ڈرافٹ سے قبل پی سی بی کو بینک گارنٹی اور فرنچائز فیس نہ دینے کے باعث مالکانہ حقوق سے دست بردار ہو گئی تھی۔تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے چھٹی ٹیم کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس حوالے سے وہ پرامید ہیں کہ اگر وہ ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے میں کامیاب رہے تو اس کا نام ملتان سلطان برقرار رہے گا۔ علی ترین نے کہا کہ ہم فرنچائز کی فروخت کے عمل میں حصہ لیں گے اور کوشش ہو گی کہ جنوبی پنجاب میں ٹیم آئی ہے تو ہمارے ہاتھ سے نہ جائے،ہم جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے حوالے سے کافی کام کر رہے ہیں اور ہمارا پروگرام ہے کہ ہر ضلع میں ایک گرانڈ اور اکیڈمی بنانے کے ساتھ ساتھ کلب کرکٹ کو سپورٹ کریں اور اگر پی ایس ایل کی ٹیم بھی آ جاتی ہے تو ہمارے کام کو مزید تقویت ملے گی۔علی ترین نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی کھیلوں کا شوق تھا اور اسکول میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا، ہمارے خاندان کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے تو اب ارادہ ہے کہ ملک کے اس حصے کے لیے کچھ کیا جائے۔ٹیم کے نام کے حوالے سے سوال پر علی ترین نے کہا کہ ہم ملتان کا نام ہی برقرار رکھیں گے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔

تعارف: newseditor