ڈھاکہ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا وکٹورینز نے سلہٹ سکسرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 128 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 6 وکٹوں پر پورا کیا، شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔اتوار کو کھیلے گئے بی پی ایل کے تیسرے میچ میں سلہٹ سکسرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 127 رنز بنائے، پوران 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ڈیوڈ وارنر 14 رنز بنا سکے، مہدی حسن، محمد شاہد اور محمد سیف الدین نے 2، 2 اور شاہد آفریدی نے ایک وکٹ لی، جواب میں کومیلا وکٹورینز نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کیا، شاہد آفریدی نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 39 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، کپتان سٹیون سمتھ 16، تمیم اقبال 35 اور شعیب ملک 13 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، العمین حسین اور سندیپ لیمی چن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اسی روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں رنگپور رائیڈرز نے کھلنا ٹائٹنز کو 8 رنز سے ہرا دیا، رنگپور رائیڈرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 169 رنز بنائے، ریلی روسو نے 76 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، روی بوپارا 40 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، علی خان، ظاہر خان اور بریتھویٹ نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں کھلنا ٹائٹنز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 161 رنز بنا سکی، پال سٹرلنگ کی 61 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، شفیع الاسلام نے دو وکٹیں لیں۔