انڈر 16 ویٹ لفٹرز کیلئے ٹریننگ کیمپ کا آغاز

گوجرانوالہ(سپورٹس لنک رپورٹ) پنجاب حکومت کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لیے گوجرانوالہ میں ویٹ لفٹنگ کے انڈر16 کھلاڑیوں کے لیے ایک ماہ کے ٹریننگ کیمپ کا آغاز کر دیا گیا جہاں انٹرنیشنل کوچ ان کھلاڑیوں کی کوچنگ کر رہے ہیں۔پنجاب سپورٹس بورڈ کے تعاون سے صوبہ بھرسے منتخب ہونے والے35 ویٹ لفٹرز کی گوجرانوالہ میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ٹریننگ کیمپ میں نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے بہترین کوچز فراہم کیے گئے ہیں جو ان کو ویٹ لفٹنگ کے تکنیکی گر سکھاتے ہیں۔ان نوجوانوں کو فٹ رکھنے کے لیے ورزش کے ساتھ ساتھ جم میں بھی ٹریننگ کروائی جاتی ہے۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ٹریننگ کے دوران ان نوجوانوں کی صحت اور خوراک کا خاص خیال رکھا جاتا ہے یہ ٹریننگ ایک ماہ تک جا ری رہے گی۔نوجوان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرح ہر سال کیمپ ہوتے رہے تو وہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے کر ملک کے لیے فخر کا باعث بن سکیں گے۔

تعارف: newseditor